واشنگٹن: گویائی کی نعمت سے محروم افراد ہاتھوں کے اشاروں سے اپنا مطلب سمجھاتے ہیں لیکن اس کے لیے سامنے موجود شخص کو بھی اشاروں کی زبان سے واقف ہونا ضروری ہوتا ہے تاہم اب اس مشکل کو دور کرتے ہوئے ایسے دستانے تیار کرلیے گئے ہیں جو اشاروں کو انگریزی زبان کی آواز میں بدل سکتے ہیں۔
واشنگٹن یونیورسٹی کے 2 طالب علموں نے ایسے دستانے تیار کیے ہیں جنہیں پہن کر اشاروں کے معنی کو انگریزی زبان میں بدل کر اسپیکر کے ذریعے لوگوں کو اس کے معانی سنائے جاسکتے ہیں اوراس طرح یہ دلچسپ ایجاد رابطے کے درمیان موجود رکاوٹ کو ختم کرنے میں بہت معاون ثابت ہوسکتی ہے۔
’’سائن الاؤڈ‘‘ نامی اس ٹیکنالوجی کے ذریعے دستانوں میں کئی سینسر لگائے گئے ہیں جو ہاتھوں کی حرکت اور پوزیشن کو محسوس کرکے اس کے معنی کو آواز میں بدلتے ہیں تاکہ ہر ایک شخص گویائی سے محروم افراد کی بات سمجھ سکے۔ اسے ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے دستانہ ڈیٹا کو بلیو ٹوتھ کے ذریعے ایک کمپیوٹر کو بھیجتا ہے اور ڈیٹا بیس میں موجود مختلف اشاروں اور ان سے وابستہ الفاظ سے ان کو ملا کر اس کی آواز خارج کردیتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہےکہ ان دستانوں کو فالج کے شکار مریضوں کی بات سننے کے لئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

No comments:
Write comments